راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے حال ہی میں مقامی لوگوں کے مطالبے کے بعد پلم راجوری سے شراب خانہ ہٹادیاگیاہے جس پر مقامی لوگوںنے خوشی کا اظہار کیاہے ۔یہ شراب خانہ مندر ، مسجد اور سکول کے نزدیک تھا جسے ہٹادیاگیاہے ۔مقامی لوگوںنے اس اقدام کیلئے ڈپٹی کمشنر راجوری شاہداقبال اور تحصیلدار راجوری کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کو عملاتے ہوئے عوام کی دیرینہ مانگ کو پوراکیا گیا ہے ۔مقامی لوگوںکے مطابق پلمہ راجوری سے تقریباًتین کلومیٹر دوری پر واقع ہے جہاں پر اسکول، مسجد او رمندر کے قریب ہی ایک شراب خانہ کھولا گیا تھا جسے بند کرنے کیلئے کافی عرصہ سے مانگ کی جارہی تھی اوربالآخرضلع انتظامیہ نے شراب خانہ وہاں سے ہٹادیاہے ۔ مقامی شہریوں سریش کمار ، سونودیوی اور محمد یعقوب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مسجد ،مندر اور اسکول کے قریب ہی ایک شراب خانہ کھولا گیا تھا جو علاقے کے بچوں پر منفی اثرات کا موجب بنا ہواتھا جسے ضلع انتظامیہ راجوری کے نوٹس میں لانے کے بعد وہاں سے ہٹادیا گیا ۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک خو ش آئند اقدام ہے ۔قصبہ راجوری کے لوگوںنے بھی انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ مساجد، مندروں اور اسکولوں کے نزدیک واقع تمام شراب خانے بند کئے جائیں اور سب سے بہتر یہی ہے کہ راجوری میں شراب بندی کی جائے تاکہ اس لعنت سے کلی طو رپر بچاجاسکے ۔