رمیش کیسر +سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری میں سیکورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے دہشت گردی سے وابستہ ایک ماڈیول کو بے نقاب کر دیا اور اسلحہ و گولہ بارود سمیت ایک ملی ٹینٹ معاون کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار شخص مبینہ طور پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار سے اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کا حصہ تھا اور سرحد پار موجود نارکو ٹیرر ہینڈلرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔ضلعی پولیس دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ مشترکہ کارروائی راجوری پولیس اور 54 ویں بٹالین راشٹریہ رائفلز (رومیو فورس) نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی۔ پولیس کے مطابق مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات ملنے کے بعد مشترکہ ٹیم نے تیز رفتار اور منظم آپریشن کرتے ہوئے نوشہرہ کے علاقہ سہڑ کے رہائشی سچن کمار عرف پما، ولد سیجے کمار کو گرفتار کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کی تلاشی لی گئی جس دوران اس کے قبضے سے غیر ملکی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
برآمد شدہ سامان میں ایک ٹیساس زیگانا 9 ایم ایم پستول بمعہ تین میگزین (ساخت ترکی)، ایک .30 بور ٹی ٹی-30 نورینکو پستول بمعہ ایک میگزین (ساخت چین) اور 9 ایم ایم کی 15 زندہ گولیاں شامل ہیں۔حکام کے مطابق ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن نوشہرہ میں ایف آئی آر نمبر 37/2026 درج کر کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار شخص براہ راست پاکستان میں موجود سرحد پار نارکو ٹیرر آپریٹو کے ساتھ رابطے میں تھا، جس کے ذریعے اسلحہ اور گولہ بارود کی ترسیل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔سیکورٹی ایجنسیوں کا ماننا ہے کہ یہ معاملہ ایل او سی پار اسمگلنگ سے جڑا ہو سکتا ہے اور اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ روابط کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کیلئے سرچ آپریشن اور نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ راجوری ضلع میں دہشت گردی اور اس سے جڑی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔