۔ 2اساتذہ معطل،34 سکولوں کے نام وجہ بتائو نوٹس جاری
سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے بیک وقت دو سو سرکاری اسکولوں کی اچانک اور وسیع سطح پر جانچ کی گئی، جس کے بعد سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس دوران جہاں دو سرکاری اساتذہ کو معطل کیا گیا ہے، وہیں گیارہ اسکولوں کے تمام اسٹاف ممبران کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں، جبکہ چونتیس اسکولوں کے عملے کو وضاحت پیش کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق یہ جانچ اس وقت عمل میں لائی گئی جب محکمہ کو متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ کئی اسکولوں میں مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت طلباء کو حکومت کی منظور شدہ فہرست کے مطابق کھانا فراہم نہیں کیا جا رہا۔ اسی کے ساتھ تعلیمی معیار کا جائزہ لینا بھی ان معائنہ ٹیموں کی ذمہ داریوں میں شامل تھا۔چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) راجوری، محمد حفیظ نے بتایا کہ بدھ کے روز متعدد ٹیموں نے، جو محکمہ کے افسران کی سربراہی میں تھیں، مختلف اسکولوں کا سرپرائز معائنہ کیا۔ جمعرات کو ان ٹیموں نے اپنی تفصیلی رپورٹس پیش کیں جنہیں محکمہ نے بغور جانچنے کے بعد کارروائی کا سلسلہ شروع کیا۔سی ای او نے بتایاکہ ’ہم نے دو اساتذہ کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے، جن میں ایک پرائمری اسکول دھارا اور دوسرا پرائمری اسکول نمبل کلیان میں تعینات تھا۔ دونوں اساتذہ نے حاضری درج کرانے کے بعد اسکول سے غیر موجودگی اختیار کی تھی، جو سخت غفلت کے زمرے میں آتا ہے‘۔مزید جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 34 اسکولوں میں مڈ ڈے میل اسکیم کی صریح خلاف ورزی سامنے آئی ہے اور طلباء کو اجازت شدہ مینو کے مطابق کھانا فراہم نہیں کیا گیا۔ اس پر محکمہ نے ان تمام اسکولوں کے اسٹاف کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ اسکیم کی خلاف ورزی کیوں کی گئی۔سی ای او محمد حفیظ کے مطابق گیارہ اسکول ایسے بھی پائے گئے جہاں نہ صرف مڈ ڈے میل اسکیم کی خلاف ورزی موجود تھی بلکہ تعلیمی معیار بھی انتہائی ناقص پایا گیا۔ خصوصی طور پر ان اسکولوں میں طلباء کی تعلیمی کارکردگی، بنیادی اہلیت اور کلاس ورک کی صورتحال تسلی بخش نہیں تھی۔انہوں نے کہاکہ ’ہم نے حکم جاری کیا ہے کہ ان گیارہ اسکولوں کے تمام عملے کی تنخواہیں اگلے احکامات تک روک دی جائیں گی۔ تنخواہیں اسی وقت بحال کی جائیں گی جب ان اسکولوں میں تعلیمی معیار میں واضح بہتری لائی جائے گی اور طلباء کی کارکردگی قابل اطمینان سطح پر پہنچے گی۔محکمہ تعلیم نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ آئندہ ایام میں بھی ایسے اچانک معائنے جاری رہیں گے تاکہ اسکولوں میں نظم و ضبط، تدریسی سطح اور مڈ ڈے میل اسکیم کی شفافیت کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس اچانک کارروائی کے بعد ضلع کے دیگر اسکولوں میں بھی چوکسی نظر آ رہی ہے اور محکمہ نے کہا ہے کہ وہ طلباء کے مفاد میں کسی بھی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گا۔