سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے گھمبیر مغلاں کے دھوری مہل علاقے میں جاری انسدادِ ملی ٹینسی آپریشن اتوار کو مسلسل سولہویں روز میں داخل ہو گیا، جہاں سیکورٹی فورسز گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں ملی ٹینٹوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور مختلف ٹیمیں مسلسل جنگلاتی علاقوں میں تلاشی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملی ٹینٹ اب بھی علاقے کے گھنے جنگلات میں چھپے ہوئے ہیں، جس کے پیش نظر فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے آپریشن میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق آپریشن انتہائی مشکل جغرافیائی حالات میں جاری ہے جہاں گھنے جنگلات، کھڑی چٹانیں اور خراب موسمی صورتحال فورسز کے لئے چیلنج بنی ہوئی ہیں۔ اس کے باوجود سیکورٹی اہلکار مسلسل نگرانی اور تلاشی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاکہ ملی ٹینٹوں کا سراغ لگا کر انہیں بے اثر کیا جا سکے۔دریں اثناء جاری آپریشن کے دوران ایک افسوسناک واقعہ میں ایک فوجی آفیسر کھائی میں گر کر لقمہ اجل بنا گیا جس کی شناخت لیفٹیننٹ بیریشور گوسومی کے طورپر ہوئی ہے ۔فوجی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ بیریشور گوسوامی آپریشنل ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اس دوران ایک کھڑی ڈھلان سے پھسل کر گرنے کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئیں، جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔