عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل ایس کے آئی سی سی میں رائیل سپرنگس گالف کورس (آر ایس جی سی) کی نویں گورننگ باڈِی میٹنگ کی صدارت کی جس میں گولفنگ کے اہم مقام کے کام کاج ، بنیادی ڈھانچے، مالی صورتحال اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری رائیل سپرنگس گالف کورس حارث احمد ہنڈو نے گورننگ باڈِی کو ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی جس میں گزشتہ میٹنگوں کے فیصلوں پر عمل درآمد، گالف کورس کی مالی و اِنتظامی کارکردگی، رْکنیت کی پروفائل، بنیادی ڈھانچے کی ضروریات اور مستقبل کی ترقی و توسیع کے لئے تجویز کردہ حکمت عملیوں کو بھی اْجاگر کیا گیا۔میٹنگ میں ماہر کنسلٹنٹوں کی خدمات حاصل کرکے گالف کورس کی بحالی و تزئین و آرائش، نئے گالف ممبران کی شمولیت، جنگلی جانوروں کی مداخلت سے تحفظ کے لئے قدرتی ماحول سے ہم آہنگ خوبصورت بائونڈری وال کی تعمیر، ہٹس کی مرمت، صاف توانائی کے فروغ اور بجلی کے اَخراجات میں کمی کے لئے سولرائزیشن، کلب کی سہولیات خصوصاً جمنازیم، سوئمنگ پول اور ریسٹورنٹ کی بہتری اور آمدنی میں اضافے کے لئے نرخوںپر نظرثانی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ٹرف مینجمنٹ میں منظور شدہ اِنجینئرنگ معیارات پر عمل کرنے اور عالمی سطح کے معیار کے مطابق اعلیٰ معیاری گرینز اور فیئر ویز کو یقینی بنانے پر زور دیا۔اْنہوں نے گالف کورس کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کی اپ گریڈیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ویک اینڈ گالفرز، کارپوریٹ گروپس، سیاحوں اور گالف سے دلچسپی رکھنے والوں کو راغب کیا جا سکے گا اور اس مقام کو ایک ممتاز تفریحی اور گالفنگ منزل کے طور پر فروغ ملے گا۔وزیراعلیٰ نے رائل سپرنگس گالف کورس کو ملک کے بہترین گالف مراکز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے محکمہ سیاحت اور آر ایس جی سی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ گالف کورس کی بحالی اور جدید خطوط پر اْستوار کرنے کے لئے ایک جامع روڈ میپ تیار کیا جائے۔اْنہوں نے گالف کورس مینجمنٹ، ٹرف مینی ٹیننس اور مہمان نوازی کی خدمات میں بہترین عالمی طریقہ کار اپنانے پر زور دیا تاکہ ملکی اور بین الاقوامی گالفروں کے لئے اس کی کشش مزید بڑھے۔ اْنہوں نے مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے دیرپا ذرائع آمدن تلاش کرنے کی بھی ہدایت دی جبکہ خدمات کے معیار اور اِنفرادیت کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔وزیراعلیٰ نے جموں و کشمیر میں گالف ٹورازم کے وسیع امکانات کو اْجاگر کرتے ہوئے آر ایس جی سی اِنتظامیہ کو قومی و بین الاقوامی ٹورنامنٹوں کے انعقاد، تشہیری سرگرمیوں میں اضافہ اور جموں و کشمیر کو عالمی سطح پر ایک نمایاں گالف منزل کے طور پر متعارف کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی۔گورننگ باڈی نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینوں اور ایکشن پلان کا جائزہ لیا اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سیاحتی سہولیات میں اضافہ اور جموں و کشمیر میں گالف ٹورازم کی ترقی کے مزید مواقع پیدا کرنے سے متعلق حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔