سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں صوبہ کشمیر میں رورل ڈیولپمنٹ اور پنچایتی راج محکموں کے کام کاج کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی ۔ میٹنگ میں ایم جی نریگا کے تحت جاری کاموں اورمرکزی سکیموں پی ایم اے وائی ، دیہی صفائی ستھرائی اور ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی کیلئے پنچایت گھروں اور عمارتوں کی تعمیر و تجدید و آرائش سے متعلق جانکاری حاصل کی گئی ۔ مشیر نے جموں و کشمیر میں اُمید کے تحت نیشنل رورل روزی روٹی مشن کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ کشمیر ، ڈائریکٹر این آر ایل ایم جے اینڈ کے اور ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن نے اپنے اپنے محکموں کے کام کاج کی تفصیلات دیتے ہوئے مشیر کو منریگا ، پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی ) ، سوچھ بھارت مشن ( ایس بی ایم ) ، راشٹریہ گرام سوراج ابھیان ( آر جی ایس اے ) اور 14 ویں مالی کمیشن کے حوالے سے اب تک حاصل کردہ پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔ اس دوران کشمیر ڈویژن میں این آر ایل ایم اور ایس بی ایم کے نفاذ کے علاوہ کشمیر میں آر جی ایس اے کے تحت نئے پنچائت گھروں کی تعمیر کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری دی گئی ۔ مشیر نے سکیموں کے نفاذ اور محکمہ کے کام کاج کے بارے میں متعلقہ ڈائریکٹر سے رائے لی ۔ انہوں نے افسران کے ذریعے کراس تصدیق نامہ کرنے اور پی آر آئی اور مقامی لوگوں کی رائے حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ دیہی ترقیات کے کاموں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ ٹایم لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ منریگا کے تحت اجرتوں کو بروقت تقسیم کریں ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ بلاکوں کا باقاعدہ دورہ کریں اور کاموں کی نگرانی کو یقینی بنائیں تا کہ اس کے فوائد زمینی سطح پر سامنے آ سکیں ۔ انہوں نے متعلقہ ایس ای کو بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے فیلڈ دوروں کی ڈائری بنائیں اور اس سلسلے میں روسٹر مستقل بنیادوں پر اعلیٰ حکام کو دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف جاری کاموں کی بصیرت ملے گی بلکہ افسران کو ہر سطح پر جواب دہ بھی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے مختلف پروگراموں اور دوروں کے ذریعے تربیت یافتہ سرپنچوں اور پنچوں کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ کووڈ ۔19 کے بحران سے نمٹنے کیلئے ہر پنچایت میں 5 بستروں پر مشتمل کووڈ کئیر سینٹر قائم کرنے کے لیفٹیننٹ گورنر کے فیصلے پر زور دیا ۔ مشیر نے ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت سے عمارتوں اور مقامات کی نشاندہی کریں اور اس کی معلومات متعلقہ حلقوں کو ارسال کریں ۔ ڈائریکٹر نے مشیر کو یقین دلایا کہ معلومات مرتب کی جا رہی ہیں اور اسے کل تک متعلقہ حلقوں کو بھجوا دیا جائے گا ۔