یواین آئی
نئی دہلی// مشرقی دہلی کے وویک وہار علاقے کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم سات نوزائیدہ بچوں کی موت ہو گئی۔فائر ڈیپارٹمنٹ کو ہفتہ کی رات تقریباً 11.32 بجے بے بی کیئر سینٹر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے بتایا، “اسپتال میں آگ لگنے کے واقعے کے بارے میں اطلاع دی گئی اور فوری طور پر نو فائر بریگیڈ کی ٹیم کو موقع پر بھیجاگیا ، کل12 نوزائیدہ بچوں کو بچا لیا گیا لیکن ان میں سے چھ بچوں کی موت ہو گئی جبکہ ایک زخمی ہے اور پانچ بچے زیرعلاج ہیں۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ تقریباً تین سے چار گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ کئی آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے لگی۔ تاہم فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے ابھی تک آگ لگنے کی وجہ نہیں بتائی ہے۔ راحت اور بچاؤ کام ابھی بھی جاری ہے۔اس دوران دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے چیف سکریٹری نریش کمار کو مشرقی دہلی کے وویک وہار میں بچوں کے اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سکسینہ نے آج ایکس پر کہا کہ میں نے چیف سکریٹری کو دہلی کے بچوں کے اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو بھی تمام سہولیات کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سوگوار خاندان کے افراد سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں سب کو ریلیف کا یقین دلاتا ہوں اور اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ مجرموں کو سزا دی جائے۔‘‘واضح رہے کہ مشرقی دہلی کے وویک وہار میں واقع ایک اسپتال میں سنیچر کی رات آگ لگنے کے بعد وہاں سے 12 نوزائیدہ بچوں کو باہر نکالا گیا، جس میں چھ کی موت ہوگئی۔
راجکوٹ آتشزدگی مہلوکین تعداد 28ہوئی
یواین آئی
راجکوٹ//گجرات کے شہر راجکوٹ کے ایک گیمنگ زون میں آتشزدگی کے واقعے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 28ہوگئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ٹی آر پی گیم زون میں ہفتہ کو لگنے والی آگ میں مرنے والوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلی بھوپیندر بھائی پٹیل نے آج صبح یہاں جائے حادثہ کا دورہ کیا اور حادثے کی وجہ سمیت بچاؤ کے کام کاج کی تفصیلات حاصل کیں۔مسٹر پٹیل نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ہے کہ اس واقعہ میں میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ کو فوری بچاؤ اور راحتی کاموں کی ہدایات دی گئی ہیں اور زخمیوں کے فوری علاج کے انتظامات کو ترجیح دینے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ ریاستی حکومت مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔ اس واقعہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مودی کا لواحقین کو ایکس گریشیا کا اعلان
یواین آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے نوزائیدہ بچوں کی موت کے بعد ہر مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور ہر زخمی کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ ایکس گریشیا رقم وزیراعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے دی جائے گی۔ مودی نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں اعلان کیاکہ “دہلی کے ایک اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد وزیر اعظم نے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے۔ ہر مرنے والے کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف کی طرف سے 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ ہر زخمی کو 50000 روپے دیے جائیں گے۔‘‘