نئی دہلی// دہلی فسادات پر دائر دہلی پولیس کی چارج شیٹ کو یکطرفہ، متعصبانہ، اور خاص ذہنیت کی تکمیل پر مبنی اورقانون کی خلاف ورزری قرار دیتے ہوئے جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ جمعیۃ متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے تمام ممکنہ قانونی طریقے اختیار کرے گی۔ اس کے لئے وکلاء کی ٹیم تشکیل کردی گئی ہے ۔یہ بات جمعیۃ کے جاری بیان میں کہی گئی ہے ۔انہوں نے سی اے اے کے خلاف تحریک چلانے والوں کی اندھادھند گرفتاریاں اور دہلی فسادات میں یکطرفہ کارروائیوں پر الزام لگایا کہ یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ لاک ڈاؤن کے درمیان بھی خاص طور پر مسلم اقلیت کے خلاف اپنے خفیہ ایجنڈے کو پورا کرنے کے لئے ارباب سیاست کی طرف سے پولیس کو استعمال کیا جا رہا ہے ۔ یہاں تک کہ کرونا کے خوف سے لوگ جب گھروں سے باہر نکلنے کا حوصلہ بھی نہیں کرپارہے تھے ، اس وقت سی اے اے کے خلاف تحریک چلانے کے الزام میں بے گناہ مظلوم مسلمانوں کو گرفتار کیا جارہا ہے ۔ مولانا نے دعوی کیا کہ ہندوستان میں کہیں بھی فساد ہو وہ فساد نہیں بلکہ پولیس ایکشن ہوتا ہے ۔