جموں // دھرمارتھ ٹرسٹ جموں و کشمیر کے چیئرمین ڈاکٹر کرن سنگھ نے ٹرسٹ کے ملازمین کی ہڑتال ختم ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ’’ یہ راحت کی بات ہے کہ ٹرسٹ کے ملازمین کی طویل ہڑتال کو آخر کار انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کے بعد ختم کردیا گیا جس کے تحت ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ ہوتا ہے، اب جب ایک نیا باب شروع ہوچکا ہے ، مجھے پوری امید ہے کہ 1846 میں میرے آباواجداد مہاراجہ گلاب سنگھ کے ذریعہ قائم کیا گیا یہ عظیم ٹرسٹ سناتن دھرم کی خدمت کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کردے گا اور اس کے زیر انتظام بہت سے مندروں کی انتظامیہ کو مزید بہتر بنائے گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے دھرمارتھ ٹرسٹ کے ٹرسٹی کی حیثیت سے میں جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، ان کے نمائندئوں اور دیگر ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مشاورتی کمیٹی اور اس کے چیئرمین پنڈت شیو رائنا مینجمنٹ اور ملازمین دھرمارتھ ٹرسٹ کو ہر طرح سے مستحکم کرنے کیلئے ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے۔