مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے دھار کس علاقہ میں بنائی گئی جدید واٹر سپلائی سکیم سے بھی عوام کو فائدہ حاصل نہیں ہو جبکہ سکیم کے چلائے جانے کے باوجود بھی کئی ملحقہ دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے ایک جدید واٹر سپلائی سکیم بنائی گئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ جدید خود کار واٹر سپلائی سکیم کے ذریعہ ایک وسیع علاقہ کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی تھی لیکن ابھی تک ملحقہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی کو ممکن نہیں بنایا جاسکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ علاقہ مکین بالخصوص خواتین کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے نصب کر دہ خود کار مشینری پہاڑی علاقوں میں پانی کی سپلائی ہی نہیں کر پارہی ہے جبکہ سکیم کو تیار کرنے کیلئے سرکاری خزانہ سے کروڑوں روپے لگائے گئے تھے لیکن اس کے باوجود بھی مکینوں کو پانی کی سپلائی دستیاب نہیں ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کے ساتھ ساتھ سکیم کی تیاری کیلئے خرچ کی گئی رقم اور زمینی سطح پر ہوئے کام کی جانچ کی جائے ۔