عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد// قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ میں جمعہ کو زبردست زلزلہ آ گیا۔ ریکارڈ بلندی تک پہنچنے کے بعد سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں تیزی سے گراوٹ ہوئی۔ جہاں چاندی کی قیمت ایک لاکھ روپے فی کلو گرام سے زیادہ گر گئی، وہیں سونا بھی 33،000 روپے فی 10 گرام سے زیادہ سستا ہو گیا۔جمعرات کو ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (MCX) پر چاندی تاریخ میں پہلی بار چار لاکھ روپے فی کلو گرام کے نشان کو عبور کر گئی تھی۔ چاندی جمعرات کو 4,20,048 روپے فی کلوگرام کی بلند ترین سطح پر تھی، لیکن جمعہ کو فیوچر ٹریڈنگ میں بھاری گراوٹ دیکھی گئی۔پانچ مارچ کی ایکسپائری قیمت کے ساتھ چاندی کی قیمت 2,91,922 روپے فی کلوگرام تک گر گئی۔
اس کے نتیجے میں ایک ہی دن میں دام میں 1,07,971 روپے فی کلو کی کمی ہوئی۔چاندی صرف ایک دن میں اپنی ریکارڈ بلند ترین سطح سے گر کر 1,28,126 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔ تیزی سے اضافے کے بعد اس بھاری گراوٹ نے سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا۔سونے کی قیمت میں بھی تیز گراوٹ دیکھی گئی، جس میں فی تولہ 33,000 روپے سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔ ایم سی ایکس پر دو اپریل کی ایکسپائری کے ساتھ 24 کیرٹ سونا جمعرات کو 1,83,962 روپے فی 10 گرام پر بند ہوا۔ جمعہ کو ٹریڈنگ کے اختتام تک، یہ 1,50,849 روپے فی 10 گرام تک گر گیا تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک ہی دن میں سونا 33,113 روپے فی 10 گرام سستا ہو گیا۔