پونچھ// محکمہ سماجی بہبود کے آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ مینڈھر کے زیر اہتمام سی ڈی پی او مینڈھر تاج النساء کاظمی کی مجموعی نگرانی میں دچھل گوہلد مینڈھر میں ایک آئی ای سی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں آئی سی ڈی ایس کے بینر تلے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف سکیموں سے متعلق آگاہی عام لوگوں کو دی گئی ہے۔ اس دوران صحت "گولڈن کارڈ کیلئے رجسٹریشن" ، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھائو سکیم ، پوشن ابھیان ، پی ایم ایم وی وائی ، آدھار سیڈنگ جیسی مختلف اسکیموںپر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر سی ڈی پی او تاج النساء کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری سکیموں سے فائیدہ اٹھائیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عام عوام کی بہبود کے لئے جو اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں ان کی جانکاری حاصل کرنے کے لئے آپ سرکاری دفاتر میں جاکر افسران سے رجوع کر سکتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کے دفاتر میں پہنچ کر عوام ہر طرح کی جانکاری حاصل کر سکتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی گئی۔