آئندہ چند روز میں بارش سے گرمی کی شدت میں بتدریج کمی کا امکان
سرینگر//وادی میں منگل کو بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہی۔ وادی سمیت جموں کے میدانی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت پیرکی طرح منگل کوبھی معمول سے کافی زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز میں بارش اور گرج چمک کے باعث گرمی کی شدت میں بتدریج کمی آ سکتی ہے۔ منگل کو سرینگر میں 35.2، قاضی گنڈ 33.4 ،پہلگام میں29.6،کپوارہ میں 34.4، کوکر ناگ میں 30.0اور گلمرگ میں 26ڈگری درج کیا گیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرینگر میں پیر کو 35.3درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو اب تک کا سب سے زیادہ ہے۔ادھر جموں میں 36.3،بانہال میں 31.3،بٹوٹ میں 28.7،بھدرواہ میں 32.7اورکٹرہ میں 32.8ریکارڈ کیا گیا۔موسمیاتی مرکز سرینگر کی جانب سے جاری پانچ روزہ پیش گوئی کے مطابق منگل کی دیرشام یا بدھ کی صبح سے موسم میں تبدیلی آ سکتی ہے۔
آئندہ 5 دنوں کے دوران بیشتر اضلاع میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش کا امکان ہے، جبکہ یکم جولائی سے 4 جولائی کے درمیان جموں ڈویژن کے چند مقامات پر کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ موسمیاتی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ پانچ دنوں کے دوران گرج چمک، آسمانی بجلی اور 40 سے50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ بعض مقامات پر ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔ جموں ڈویژن کے چند علاقوں میں شدید بارش کے باعث یکم جولائی سے 4 جولائی کے دوران اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ موسمیاتی مرکز کے مطابق2 اور 3 جولائی کو جموں، سانبہ، کٹھوعہ اور ملحقہ اضلاع میں سب سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ علاقائی موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹرڈاکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ جموں میں شدید بارش کا امکان ہے، کشمیر بھر میں6 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر مختار احمد نے کہاکہ پورے کشمیر میں کئی دنوں کی شدید گرمی کے بعد، موسم گیلا ہونے والا ہے جبکہ آنے والے دنوں میں وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔۔انہوں نے کہاکہ اتوار کو چند سٹیشنوں پر خاص طور پر سری نگر، قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں ہیٹ ویو کی صورتحال ریکارڈ کی گئی۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ بارش کا ایک اور سلسلہ منگل کی رات دیر گئے اور بدھ کی صبح ہونے کا امکان ہے۔