ہملٹن/پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ہملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی ٹیم کے اوپنر ٹیم کو بڑا اسکور نہیں دے سکے اور 16 کے مجموعی اسکور پر حیدر علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے بعد آنے والے عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے 16 کے مجموعی اسکور پر ہی پویلین لوٹ گئے۔جس کے بعد محمد رضوان اور محمد حفیظ نے ٹیم کے اسکور کو کچھ آگے بڑھایا تاہم 33 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 22 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند کا نشانہ بن گئے۔33 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعدپاکستانی ٹیم کو سہارا دینے کے لیے کپتان شاداب خان آئے تاہم وہ بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 56 کے مجموعی اسکور پر صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔تاہم اس کے بعد سینئر بلے باز محمد حفیظ اور خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز سے زائد کی پارٹنرشپ کی اور قومی ٹیم کے 100 رنز مکمل کیے۔محمد حفیظ نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی تاہم ان دونوں بلے بازوں کی یہ پارٹنر شپ 119 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹوٹ گئی اور خوشدل شاہ چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ان کے بعد آنے والے کھلاڑی فہیم اشرف تھے جو صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔تاہم محمد حفیظ نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری اوور میں 2 چوکے اور ایک چھکا لگا کر پاکستانی ٹیم کا اسکور 163 تک پہنچا دیا لیکن اوور مکمل ہونے کے باعث محمد حفیظ صرف ایک رنز سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیمز نیشام اور اش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔