ایجنسیز
سرینگر// ائمہ مساجد کی کل ہند تنظیم کے سربراہ عمر احمد الیاسی نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کے زیر قبضہ جموںوکشمیرکا علاقہ جلد ہی ہندوستان کے ساتھ دوبارہ مل جائے گا۔آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام عمر احمد الیاسی نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ میں اپنے پڑوسی ملک سے کشمیر میں کھڑے ہو کر ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے زیر قبضہ جموںوکشمیرکا علاقہ جو کہ ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے، یقینی طور پر ہندوستان میں دوبارہ شامل ہو جائے گا کیونکہ وہاں کے لوگ وہاں ریفرنڈم کرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکا علاقہ کے باشندے جموں و کشمیر میں ہونے والی ترقی اور خوشحالی کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کے ساتھ دوبارہ الحاق کے خواہشمند ہیں۔ الیاسی نے کہاکہ وہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد ایک’ تبدیل کشمیر’ کو دیکھ کر بہت خوش ہیں۔عمر احمد الیاسی نے کہا کہ یہ ایک نیا کشمیر بن گیا ہے، آج کا کشمیر شاندار ہو گیا ہے، ہر طرف خوشحالی ہے، سیاحت میں اضافہ ہوا ہے، یہاں کے لوگ خوشحال ہیں، ایک وقت تھا جب یہاں کے نوجوان اور بچے پتھر پھینکتے تھے، آج ان کے ہاتھوں میں قلم ہیں، وہ پڑھ رہے ہیں۔ پہلگام کے بیسران کے میدانوں میں گزشتہ سال کے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں25 سیاح اور ایک مقامی ٹٹو ہینڈلر ہلاک ہو گئے تھے، عمرالیاسی نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سیاحت میں تھوڑی دیر کے لیے کمی واقع ہوئی تھی لیکن لوگوں سے علاقے کا دورہ کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ وہ کشمیر کا دورہ کریں کیونکہ اب خوف کا کوئی ماحول نہیں ہے۔ مغربی ایشیا میں تنازعات پر انہوں نے کہا کہ جنگ سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچتا اور امن کی امید ظاہر کی۔انہوںنے مزیدکہاکہ مجھے ہمارے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی سے امیدیں ہیںاور جنگ جلد ختم ہو جائے گی،امن اور سکون ہو گا۔