عظمیٰ نیوز ڈیسک
سنگاپور// وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کو کہا کہ آرٹیکل 370 ایک عارضی اقدام تھا اور اس نے بہت ترقی پسند قوانین کو جموں و کشمیر اور لداخ تک توسیع دینے سے روک دیا تھا۔سنگاپور میں ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے، جے شنکر نے کہا کہ تبدیلی کے فوائد اب نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا ’’ آرٹیکل 370 ہندوستانی آئین کا ایک عارضی اقدام تھا اور اسے توسیع دینے سے دو چیزیں ہوئیں، جس سے ہمیں بحیثیت قوم نقصان پہنچا‘‘۔وزیر خارجہ نے کہا”ایک، اس نے علیحدگی پسندی، تشدد اور دہشت گردی کو جنم دیا۔ اور یہ پورے ملک کی سلامتی کا مسئلہ بن گیا۔ دوسرا، اس نے بہت ترقی پسند قوانین کو اس وقت جموں، کشمیر اور لداخ تک توسیع دینے سے روک دیا‘‘۔ اگست 2019 میں، بھارتی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر دیا، جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا اور ریاست کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا ’’ آج آپ اس تبدیلی کے ثمرات دیکھ سکتے ہیں‘‘۔