سری نگر/وادی کشمیر میں جمعے کے روز دستگیر صاحب (رح )کے سالانہ عرس مبارک کی اختتامی تقریب کے حوالے سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔سب سے بڑی تقریب سرائے بالا اور خانیار سری نگر میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے فرزندان توحید نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔سرائے بالا اور خانیار میں نماز جمعے کے بعد زائرین موئے پاک غوث العظم (رح ) کے دیدار سے فیضاب ہوئے۔اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اس ولی بزرگ کے آستانہ عالیہ پر حاضر ہو جایا کرتے ہیں اور اپنے اپنے حاجات کی روائی کے لئے دعائیں مانگا کرتے ہیں ۔ خانیارکے علاوہ درگاہ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل ، پنجورہ شوپیان، جناب صاحب صورہ ، نادی ہل بانڈی پورہ ، رفیع آباد ، سوپور اور دیگر زیارت گاہوں پر ہوئے جہاں ہر نماز کے بعد موئے پاک غوث العظمؒ کی نشاندہی کی گئی۔ قدیم درگاہِ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل میں ایک پُر وقار تقریب پر نماز جمعہ سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت محبوب سبحانی شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی پاک سیرت ، علمی اور روحانی کمالات پرروشنی ڈالی۔ بقعہ عالیہ حضرت مرزا اکمل الدین بدخشی میں مولانا خورشید احمد قانونگو نے غوث العظمؒ کی سیرت، علمی اور روحانی کمالات پر خطبہ دیا۔ جبکہ بابانگری وانگت میں درگاہِ حضرت نظام الدین لاوری نقشبندیؒ میںبھی نمازِ جمعہ پر حضرت غوث العظمؒ کی سیرت پر روشنی ڈالی گئی اور خطمات العمظات اور درود و ازکار کی مجلس بھی آراستہ ہوئی۔ صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔یو این آئی
پیر پیرانؒ نے ایمان کی شمع روشن کی:متحدہ علمائے اہل سنت
سرینگر//متحدہ علمائے اہل سنت جموں و کشمیر سے وابستہ علما نے مختلف مقامات پر مساجد ،خانقاہوں اور بقعہ عالیجات میں جمعتہ المبارک کے خطاب میں حضرت محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانی کو گلہاے عقیدت پیش کیے ہیں۔متحدہ کے رہنماوں مولانا غلام محی الدین نقیب نے ترکول بل پٹن، مولانا غلام رسول حامی نے سیر جاگیر،مولانا ریاض الحق نورآبادی نے بقعہ عالیہ سید یعقوب صاحب سونہ وار ، مولانا مبارک حسین نعمانی نے جامع مسجدحنفیہ سعدپورہ عیدگاہ ، مفتی قمرالدین اویسی نے جامع مسجد حضرت ابو بکر صدیق تکیہ تاپر پٹن میں، مولانا فیاض احمد رضوی نے مرکزی جامع مسجد ،مولانا طارق مصباحی نے جامع مسجد شیخ داود بتہ مالو اورمولانا ارشاد عطاری نے خانقاہ شاہ ہمدان وچی میں اپنے خطابات میں کہا کہ حضرت غوث الاعظم شیخ سید عبدالقادر جیلانی ایسے وقت میں میدان میں اترے اور احیائے دین کے لیے جدوجہد شروع کی اور اصلاح و ارشاد کے کام کا آغاز کیا جب عالم اسلام اور مسلمانوں کی حالت ابتر تھی۔متحدہ نے گرفتار علما بالخصوص مولانا عبدالرشید داودی کی رہای کا مطالبہ کیا ہے ۔پروفیسر بشیر احمد ڈار نے تاکید کی کہ میر میران شیخ سید عبدالقادر جیلانی کوبہترین خراج عقیدت یہی ہوگا کہ انکی تعلیمات کو عوام تک پہنچا کر ان پر عمل پیرا ہونے کی سعادت سے سرفراز ہوجایں۔