سرنکوٹ//تحصیل سرنکوٹ سے بہنے والے دریائے سرن میں ریت بجر مافیا مسلسل سرگرم ہے لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے آبی زندگی کے متاثر ہونے کیساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو نقصان پہنچنے کا حدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا مافیا بہادری کیساتھ انتظامیہ کی ناک تلے مذکورہ سرگرمیاں انجام دے رہا ہے لیکن انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مافیا مشینوں کے ذریعہ دریا سے ریت اور بجری نکال رہا ہے جس کی وجہ سے ملحقہ علاقوں میں آباد لوگوں کو نقصان پہنچے کا حدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ درابہ ،دھڑا موڑا ،بفلیاز ودیگر ملحقہ علاقوں میں اس نوعیت کی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں ۔نائب تحصیلدار سرنکوٹ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ جلد ہی اس سلسلہ میں کارروائی کر کے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ۔