عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بارہمولہ ضلع کے اوڑی علاقے میں دریائے جہلم میں ایک خاتون کے کودنے کے بعد شروع کیے گئے ریسکیو آپریشن کے دوران بحریہ کے میرین کمانڈو یونٹ (MARCOS) کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔اوڑی کے چندن واری علاقے میں ایک درمیانی عمر کی خاتون نے لکڑی کے پل سے دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی، جس کے بعد فوری طور پر ایس ڈی آر ایف بارہمولہ اور سول ڈیفنس یونٹ اوڑی نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ منگل کے روز سرچ آپریشن میں مزید کمک شامل کی گئی، جس میں بحریہ کے میرین کمانڈوز (MARCOS) بھی شامل ہوئے۔ حکام کے مطابق دورانِ تلاش ایک میرین کمانڈو اہلکار اے۔ ایس۔ بدوریا پھسل کر دریا میں گر گئے اور کئی منٹ تک تیز دھار میں بہتے رہے۔ ساتھی اہلکاروں نے انہیں بڑی مشکل سے باہر نکالا۔ بدوریا شدید زخمی اور بے ہوش حالت میں تھے، جنہیں فوری طور پر فوجی ہسپتال بونیارمنتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ان کی حالت نازک ہے اور علاج جاری ہے۔