درجہ چہارم اسامیوں کی بھرتی

سرینگر// درجہ چہارم اسامیوں کیلئے 11برس قبل فارم داخل کر چکے بارہمولہ او ر بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے امیداروں نے پریس کالونی میں احتجاج کرتے ہوئے سلیکشن لسٹ جلد از جلد منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ۔احتجاج کر رہے امیدواروں کا کہنا تھا کہ سال 2006میں انہوں نے ضلع کیڈر کے تحت محکمہ صحت ، ایجوکیشن ، آر اینڈ بی اور دیگر کئی محکموں میں درجہ چہارم کیلئے اپنی درخواتیں جمع کرائیں ۔ انہوںنے کہا کہ ا نٹرو یو اور دیگر لوازمات پور ے کئے جانے کے با وجود 207اسامیوں کا سلیکشن لسٹ اجرا نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ ذہنی کوفت کے شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں وہ کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ قائم کر چکے ہیں لیکن لسٹ اجرا کرنے میں لیت ولعل سے کام لیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سال 2015اور 2016میں عدالت نے اُن کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے اُن کے حق میں احکامات صادر کئے تھے لیکن انتظامیہ نے عدالتی احکامات کو بھی نظر انداز کر دیا جبکہ اُن کی آواز بھی سننے والا کوئی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی ایک امیدوار ایسے ہیں جو اپنی عمر کی حد بھی پار کر چکے ہیںاور اب اس انتظار میں ہیں کہ لسٹ نکلے گئی اور انہیں اس سے فائدہ پہنچے گا ۔