عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکومت نے سالانہ دبار مو انتظامات کے تحت موسم گرما 2026 کیلئے مختلف محکموں کے 170 سے زائد افسران اور ملازمین کو سیول سیکریٹریٹ جموں میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔محکمہ عمومی انتظامی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق یہ افسران و ملازمین حکومت کے سابقہ حکم نامہ کے تسلسل میں ،جموں میں ہی اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
اس اقدام کا مقصددربار موکے دوران سرکاری کام کاج میں تسلسل برقرار رکھنا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔سرکاری دستاویز کے مطابق یہ انتظام عارضی نوعیت کا ہے اور اس وقت تک نافذ العمل رہے گا جب تک جموں سے سرینگر منتقلی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔حکومت نے مزید ہدایت دی ہے کہ سیول سیکریٹریٹ جموں میں ان ملازمین کے زیر استعمال کمروں کے علاوہ باقی تمام کمروں کودربار مو کے بعد سیل کیا جائے گا، جبکہ وزرااور انتظامی سیکریٹریوں کیلئے مختص دفاتر ان کے دوروں کے دوران کھلے رکھے جائیں گے۔سرکاری حکم نامے کے مطابق متعدد کلیدی محکموں میں سینئر سطح کے افسران کو جموں میں ہی تعینات رکھا گیا ہے۔ ان میںمحکمہ خزانہ، عمومی انتظامی محکمہ، صحت و طبی تعلیم، بجلی، جل شکتی،مکانات و شہری ترقی، انڈسٹریز اینڈ کامرس، ٹرانسپورٹ، سیاحت، آئی ٹی، قانون و انصاف، رورل ڈیولپمنٹ اور دیگر اہم شعبے شامل ہیں۔محکمہ خزانہ میں جوائنٹ ڈائریکٹر سطح کے افسران جبکہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی سیکریٹری سطح کے عہدیداران کو برقرار رکھا گیا ہے۔ اسی طرح صحت و طبی تعلیم،بجلی اور جل شکتی جیسے اہم شعبوں میں انڈر سیکریٹری، اسپیشل سیکریٹری اور دیگر سینئر افسران اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔حکم نامے میں چیف سیکریٹری کے دفتر، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، مال، تعلیم،سماجی بہبود، فلوریکلچر، محکمہ خوراک و شہری رسدات اور امور صارفین سمیت دیگر محکموں کے افسران اور عملے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد داربار موو کے دوران سرکاری کام کاج میں تسلسل برقرار رکھنا، فائلوں کی بروقت عمل آوری اور عوامی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کو روکنا ہے۔