غلام نبی رینہ
کنگن// دراس میں شیطانی نالہ کے قریب بھاری بھر کم برفانی تودا گرا جس کی زد میںدو ٹینکر اور پانچ مال بردار گاڑیاں آئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یہ واقعہ سہ پہر 4بجے منی مرگ اور دراس کے درمیان پیش آیا ۔پولیس نے بتایا کہ سونمرگ سے کرگل کی طرف جارہے دو ٹینکر اور پانچ مال بردار گاڑیاں شیطانی نالہ دراس کے قریب برفانی تودے کی زد میں آگئیں۔ حادثے کی اطلاع موصول ہونے کے فوراً بعد ایس ڈی ایم دراس، ایچ او دراس، پولیس پوسٹ منی مرگ اور میگا انجینئرنگ انفراسٹرکچر کے افسران و اہلکار جائے موقع پر پہنچ گئے اور بچاو کارروائی شروع کی۔
کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد برف کو ہٹایا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ برفانی تودے کی زد میں آنے والے دو ٹینکروں کو شدید نقصان پہنچا اور وہ برف میں دب گئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ ایک ٹینکر کا ڈرائیور زخمی ہوا، جسے برف کے نیچے نکالا گیا اور دراس ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ معلوم ہوا ہے کہ شیطانی نالہ زیرو پوائنٹ زوجیلا کے چند ایک مقامات پر ابھی بھی کافی برف جمع ہے۔ واضح رہے کہ 27مارچ کو کنی پتھری زوجیلا کے قریب اس وقت کچھ مسافر گاڑیاں برفانی تودے کی زد میں آگئیں تھیں جس میں ایک بچے سمیت 7افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔یہاں گاڑیوں کو نکالنے کی کارروائی جاری ہے۔