جموں//ٹرانسپورٹ محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے ایک میٹنگ میں ریاست کے لئے بسوں کی خرید اور روڈ سیفٹی ایکشن پلان کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں سٹیٹ موٹر گراجز جے اینڈ کے کے ڈائریکٹر زیڈ ایچ چودھری، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر فائنانس مہیش داس شرما، جے کے ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر بلال احمد،بس منیفکچر س کے نمائندے ، ایڈیشنل سیکرٹری (آر/ایم)، ٹرانسپورٹ محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ،ست پال، ڈپٹی سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ حکیم مظفر ، آر ٹی او کشمیر اکرام اللہ ٹاک اور دیگر کئی متعلقین نے شرکت کی۔ڈاکٹر سامون نے افسران کو چناب وادی کے لئے فوری طور بسیں خریدنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہاکہ ریاست میں سب سے زیادہ سڑک حادثات ڈوڈہ ضلع میں پیش آتے ہیں۔اس لئے خطّہ کے لئے ایک منظم ٹرانسپورٹ نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے خواتین،بچوں اور بزرگوں کے لئے موزون بسیں خریدنے پر زور دیا۔پرنسپل سیکرٹری کو گریز اور تُلیل کے علاوہ لیہہ اور کرگل علاقوں کے لئے بسوں کی خرید سے متعلق امور کے بارے میں جانکاری دی گئی۔پرنسپل سیکرٹری نے ایس آر ٹی سی میں جدّت لانے کے لئے 25 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے ایس آر ٹی سی کے حکام کو الیکٹرک وہیکل چار جنگ نظام کو 13 اپریل تک قابل کار بنانے کے احکامات دئیے۔ اُنہوں نے کہا کہ سرکار نے شہری ٹرانسپورٹ کے لئے 25 کروڑ روپے مختص رکھے ہیں اور 500 پرائیویٹ بسوں کا آرڈردیا ہے۔اُنہوں نے روڈ سیفٹی ایکشن پلان کا جائزہ لیتے ہوئے اِس کی مؤثرعمل آوری پر زور دیا۔اُنہوں نے اے بی ایس نظام کی خرید کے لئے 588.603لاکھ روپے کی واگذاری کو بھی منظوری دی ہے۔