بانہال+کشتواڑ // گزشتہ کئی روز سے گرمی کی شدت میں جمعہ کو ہوئی بارشوں کی ہلکی ہلکی فوار وں سے کمی محسوس کی گئی اور ضلع رام بن کے علاقوں میں بارشوں نے عام لوگوں کیلئے راحت پیدا کی ہے – محکمہ موسمیات نے جمعہ کیلئے پہلے ہی ہلکی ہلکی بارشوں کی پیشنگوئی کر رکھی تھی اور پیشگوئی کے عین مطابق جمعہ کی صبح سے ہی رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں مطلع ابر آلود تھا اور نماز جمعہ سے پہلے پہلے بارشوں کی فوار نے گرمی کی شدت سے بے حال لوگوں کیلئے راحت پیدا کی۔ بارشوں کا یہ سلسلہ اگرچہ دیرپا نہیں تھا تاہم بارشوں کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور رام بن کے گرم ترین علاقے میں عام لوگوں خاص کر ماہ رمضان کے مبارک مہینے کا پابندی سے اہتمام کرنے والوں اور روزہ داروں کیلئے بارشوں کا یہ دورانیہ فرحت اور راحت لیکر آیا ہے اور لوگ موسم کی اس تبدیلی سے خوشی محسوس کررہے تھے – پچھلے دنوں رام بن میں درجہ حرارت چالیس سے اوپر تجاوز کر گیا ہے جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعہ کے روز ابر آلود موسم اور دوپہر بعد ہوئی بارشوں کے بعد لوگوں نے راحت محسوس کی ہے اور گزشتہ کئی روز سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک ہفتے تک خشک موسم کے امکان کی پیشنگوئی کر رکھی ہے۔ادھر کشتواڑ قصبہ میں بھاری بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے کسانوں اور میوہ اُگانے والوں کو کافی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔جمعہ کے روز کئی گھنٹوں تک ہوئی تباہ کُن بھاری بارشوں اور ژالہ باری سے میوے کے فصل کو کافی نقصان پہنچا ہے۔کسانوں اور میوہ اُگانے والوں سے جمع کی گئی جانکاری کے مطابق جمعہ کے روز ہوئی تباہ کُن ژالہ باری سے علاقہ میں کافی تباہی پھیل گئی تاہم ژالہ باری سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔