سرینگر //خطہ چناب کے میدانی علاقوں میں دوسرے روز بھی موسلادار بارشیں اور بالائی علاقوں میں برف باری کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے ۔ رام بن کے بالائی علاقوں میں جمعہ کے روز بھی بارشیں اور پہاڑی علاقوں بشمول مہومنگت نیل وغیرہ میں تازہ برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ جمعہ کی صبح سے ہی بانہال اور جواہر ٹنل کے پہاڑی سلسلے پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا اور اس دوران تحصیل کھڑی کے مہو منگت میں برفباری ہوتی رہی۔ڈوڈہ سے اطلاع ہے کہ وہاں جمعہ کے روز ایک بار پھر بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری و میدانی علاقوں شدید بارش ہوئی جو دن بھر جاری رہی۔ جمعہ کی صبح ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و بھلیسہ کے میدانی علاقوں میں بارش و پہاڑوں پر تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوا، جو دن بھر جاری رہی ۔مسلسل بارشوں سے رابطہ سڑکیں زیر آب ہو گئیں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو ا ۔اس دوران بیشتر دیہات میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا۔کشتواڑ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ۔