جموں//ریاست کے دیگرحصوں کی طرح خطہ جموں میں بھی22 اگست کوعید الاضحی کاتہوارروایتی جوش و خروش اورمذہبی عقیدت و احترام سے منایاگیا جس کے دوران مسلمانان جموں نے جانوروں کی قربانی پیش کی۔عیدالاضحی کے سلسلے میںصوبہ بھر کی عید گاہوں اور مساجد میں عید نماز کا اہتمام کیا گیا ۔ مرکزی عید گاہ ،عید گاہ سدھرا اور عید گاہ ملک مارکیٹ میں 8بجے نماز عید ، جامع مسجد پولیس لائن میں سوا سات بجے، جامع مسجد بٹھنڈی میں 7.30بجے ، مکہ مسجد میں 7.45بجے ،جامع مسجد گاندھی نگر میں 7.45بجے ، جامع مسجد گوجر نگر، عید گاہ کریانی تالاب ، جامع مسجد ریلوے سٹیشن اور جامع مسجد لکھداتہ بازار میں 8.30بجے اور جامع مسجد تالاب کھٹیکاں میں 9بجے نماز عید ادا کی گئی۔اس دوران آئمہ حضرات نے فلسفہ عیدالاضحی کوبیان فرمایا۔انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم کے اس ایمانی جذبے کی یاد میں منائی جاتی ہے جس کے تحت وہ باری تعالیٰ کے حکم پر اپنے فرزند حضرت اسماعیل کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے پرآمادہ ہوئے تھے۔اسی قربانی کے جذبے کے تحت مسلمانوں پر عیدالاضحی کے موقعے پر کسی حلال جانور کو قربان کرنا واجب قراردیا گیا ہے ، اور ہر سال اس موقعہ پر اس دن کی مناسبت سے دنیا کے ہر خطے کے مسلمان قربانی پیش کرتے ہیں۔جموں خطہ کے دیگراضلاع ریاسی، ادھم پور،سانبہ،کٹھوعہ ،خطہ پیرپنچال، خطہ چناب میں بھی مقررہ وقت کے مطابق نمازعیدالاضحی اداکی گئی ۔جموں شہرکے نواحی علاقوں بشمول جانی پور،اکھنور، دھنوں ،رگوڑہ ،رائے پور، بن تالاب، چنوروغیرہ بھی نمازعیدمیں بھاری تعدادمیں فرزندان توحیدنے شرکت کی۔جامع مسجدرگوڑہ میں مفتی نذیراحمدقادری ،جامع مسجددھنوں میں مولانا مختاراحمدنے نمازعیدپڑھائی۔