عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر میں طویل خشک موسم کے ختم ہونے کا امکان ہے کیونکہ وادی میں چلہ کلان کی آمد کیساتھ برف و باراں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 21 سے 22 دسمبر کے دوران ایک مغربی ہوائوں کا مرحلہ جموں و کشمیر پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ اس موسمی نظام کی وجہ سے کشمیر کے اونچے علاقوں میں اعتدال سے لے کر بھاری برف باری اور وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش یا برف باری کا امکان ہے۔موسم کی پیش گوئی کے مطابق بالخصوص شمالی کشمیر کی اونچی چوٹیوں پر 6 انچ سے 2 فٹ تک برفباری ممکن ہے۔مغربی ڈسٹربنس کی شدت شمالی کشمیر(کپوارہ، بانڈی پورہ، گلمرگ، بارہمولہ)اور کولگام، شوپیان، اننت ناگ اور گاندربل کے اونچی علاقوں میں زیادہ رہے گی۔چوٹی کی شدت 21 دسمبر کو متوقع ہے اورچلہ کلاں بھی 21 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے۔اس موسم میںبرف باری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں، اور 30 جنوری کو ختم ہونے والے اس عرصے کے دوران پوری وادی میں درجہ حرارت تیزی سے گر جاتا ہے۔حکام نے بتایا کہ وادی کے بیشتر مقامات پر رات کا درجہ حرارت صفر سے نیچے رہا۔حکام نے بتایا کہ سرینگر میں کم سے کم 1.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں منفی 3 ، کپواڑہ میں منفی 2.2 ، کوکرناگ میں منفی 0.1 ، گلمرگ میں 1.6 ،پہلگام میں منفی 2.8 اور شوپیان اور پلوامہ قصبے سرد ترین مقامات تھے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔