عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جموں و کشمیر میں جاری خراب موسمی حالات کے پیش نظر ضلع راجوری کی ضلعی انتظامیہ نے ہفتہ کے روز تمام سرکاری و نجی اسکول بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ فیصلہ طلبہ اور تعلیمی عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) راجوری کی ہدایات کے تحت ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مسلسل بارش اور خراب موسم کے باعث کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔جمعہ کے روز جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث عام زندگی متاثر ہوئی۔ میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کچھ بلند مقامات پر ہلکی برفباری بھی دیکھنے میں آئی ہے۔مسلسل بارش کے سبب کئی سڑکیں پھسلن کا شکار ہو گئی ہیں، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض مقامات پر ٹریفک کی رفتار بھی سست ہو گئی ہے۔حکام نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسم کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات بہتر ہونے پر ہی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ بحال کی جائیں گی۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں جاری خراب موسم کے باعث خطے میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں، جس کے پیش نظر انتظامیہ حفاظتی اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے۔