ڈوڈہ// کشمیر عظمیٰ میں گذشتہ روز جنگلات کے ناجائز کٹاﺅ کے حوالے سے شائع خبر کا اثر اسوقت دیکھنے کو ملا جب ڈی ایف او کی ہدایت پر محکمہ و پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں بھلیسہ رینج سے 2میکنیکل کٹر ضبط کئے۔ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ جنگل مافیا کے خلاف موثر اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو مہینوں سے بھدرواہ فارسٹ ڈویژن میں دو درجن کے قریب مکینیکل کٹر ضبط کرکے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے اعلی آفیسران کی سفارش پر گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں مکینیکل کٹر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی ۔ڈی ایف او نے کہا کہ آج تک غیر قانونی طور پر اسمگل کی جارہی لکڑی و جنگلات کے ناجائز کٹاﺅ میں ملوث افرادکے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا جائےگا۔انہوں نے سیول سوسائٹی ممبران و پنچائتی نمائندگان سے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں محکمہ کو اپنا مکمل تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔ڈی ایف او نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں جنگل مافیا کے خلاف سخت قدم اٹھا یا جائےگا۔