رتلام// مدھیہ پردیش ضلع رتلام کے مہو-نیمچ ہائی وے پر واقع گاؤں ڈھوڈھر میں ایک شخص نے اپنے چھوٹے بھائی کی بیوہ کو جلا کر مار ڈالا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق 33 سالہ نرملا راٹھوڑ ساکن سرسوتی شیشو مندر روڈ نئی آبادی ڈھوڈھر کے شوہر پرکاش نے تقریباً 10 ماہ قبل رتلام کے سالاکھیڈی علاقہ میں زہر کھا کر خودکشی کر لی تھی۔ نرملا اپنے دو بچوں کے ساتھ سسرال میں ہی ملزم جیٹھ سریش کے گھر سے کچھ دور رہ رہی تھی۔ کل سریش راٹھوڑ لوہے کی راڈ اور شراب کی بوتل میں پٹرول لے کر نرملا کے گھر پہنچا اور نرملا کے ساتھ جھگڑا کیا اور لوہے کے پائپ سے مارپیٹ کی۔ جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئی۔ اس کے بعد اس نے اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔اس کی وجہ سے نرملا جلتے ہوئے گھر سے باہر آئی اور مدد کے لیے چیخنے لگی۔ آس پاس کے لوگ پہنچ گئے لیکن سریش راڈ لے کر عورت کے گرد گھومتا رہا اور لوگوں کو دھمکی دیتا رہا کہ اگر کوئی اسے بچانے آیا تو اسے بھی مار ڈالے گا۔ تھوڑی ہی دیر میں نرملا کی اذیت ناک موت ہوگئی۔ اس دوران اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر سریش کو گرفتار کر لیا اور نرملا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جاورا سرکاری اسپتال بھیج دیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ راہل کمار لوڈھا نے بتایا کہ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم سریش راٹھوڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم سریش نے بتایا کہ نرملا ہر روز اس سے جھگڑا کرتی تھی، اس کے چھوٹے بھائی پرکاش نے اپنی بیوی نرملا کی وجہ سے خودکشی کی تھی۔ نرملا اس کی موت کی ذمہ دار ہے۔ اس کے ساتھ ہی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سریش اور پرکاش کے والد کے پاس کروڑوں روپے کی جائیداد ہے۔ جائیداد پہلے بھی تقسیم ہو چکی تھی۔ چھوٹا بھائی پرکاش تقسیم سے ناراض تھا۔ ملزم سے تمام نکات پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کرایا اور نرملا کی لاش کو اس کے رشتہ داروں کے حوالے کر دیا۔ لواحقین اور سوسائٹی کے لوگوں کی بڑی تعداد لاش کو گاڑی میں لے کر ایس ڈی ایم آفس جاورا پہنچی اور ملزم سریش کے گھر کو منہدم کرنے اور متوفی کے بچوں کو مالی امداد دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ احتجاج تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ تحصیلدار لیلا جین کو میمورنڈم دے کر احتجاج ختم کیا گیا۔ تحصیلدار نے یقین دلایا کہ مالی امداد کا کیس جلد تیار کر کے بھجوا دیا جائے گا۔