حیدر کالونی اونتہ بھون کے کھلے’ مین ہول‘ | شہریوںکو جان کاخطرہ، حکام خواب خرگوش میں

بلال فرقانی

سرینگر// سرینگر کے مضافات حیدر کالونی اونتہ بھون صورہ میں کھلے نکاسی آب کے مین ہول پورے علاقے کے لیے تشویش کا باعث ہیں کیونکہ ان سے مکینوں کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔اہل علاقہ کے وفد نے بتایا کہ نالیوں کے یہ کھلے مین ہول نہ صرف علاقے کی ٹریفک کے لیے پریشانی کا باعث ہیں کیونکہ یہ حادثات کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان میں گرنے سے کئی بچے بھی بری طرح زخمی ہو چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا’’ کھلے مین ہول سے ہر ایک کی جان خطرے میں ہے لیکن طالب علموں اور بزرگوں کو زیادہ خطرہ لاحق ہے‘‘۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مین ہولز کو تعمیر کئے جانے کے صرف2سال بعد ہی کھلا چھوڑ دیا گیا ، جس سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں بنانے میں کس قسم کے تعمیراتی معیار پر عمل کیا گیا تھا۔انکا کہنا تھا کہ ان مین ہولوں کا منہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے اور مکینوں کو خدشات لاحق رہتے ہیں کہ ان کے بچے کہیں ان مین ہولوں کا تر نوالہ نہ بن جائے۔وفد نے کہا کہ انہوں نے کئی بار اس مسئلے کو بلدیہ اور متعلقہ کونسلر سلمان ساگر کے نوٹس میں لایا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر محکمہ ان مین ہولوں کو بند کرنے پر راضی نہیں ہوتا تو مقامی لوگ از خود ہی ان مین ہولوں کی مرمت کریں گے۔ مکینوں نے تمام متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام کھلے مین ہولوںکو ڈھانپ دیا جائے تاکہ موجودہ خطرے سے بچا جا سکے۔