سرینگر//حیدرپورہ مہلوکین کے گھروں پر تعزیت پرسی کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا اور کئی سیاسی و سماجی جماعتوں کے وفود نے محمد الطاف بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ سیاسی جماعتوں میں میں پی ڈی پی ، اپنی پارٹی اور عوامی نیشنل کانفرنس کے وفود شامل تھے۔اپنی پارٹی کے ایک وفد نے پارٹی صدرالطاف احمدبخاری کی ہدایت پر برزلہ اورکنی پورہ جاکر حیدپورہ تصادم میں جاں بحق کئے گئے معصوم شہریوں محمد الطاف بٹ اور ڈاکٹرمدثر گل کے گھر جاکر لواحقین کی تعزیت پرسی کی اوران کی ڈھارس بندھائی جبکہ عوامی نیشنل کانفرنس کے وفد نے بھی مہلوکین کے گھر جاکر عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی طرف سے تعزیت پرسی کی۔ایک بیان کے مطابق اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمدمیرکی قیادت میں اس وفدمیں ضلع صدربڈگام منتظرمحی الدین اور ضلع صدرسرینگرنورمحمدشیخ بھی شامل تھے۔ وفود نے ان دونوں جگہوں پر لواحقین کے ساتھ ملاقات کرکے سوگوار کنبوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیااورمرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ میر نے اس موقعہ پرکہا کہ اپنی پارٹی اس تصادم کے پہلے روزسے ہی غیرجانبدار تحقیقات اورمعصوم شہریوں کی نعشوں کو لواحقین کے سپردکرنے کے حق میں تھی،تاکہ لواحقین کی ان کی آخری رسومات اداکرسکیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ کسی بھی طریقے سے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کا جواز پیش نہیں کیاجاسکتااورمستقبل میں ایسے واقعات کو پیش آنے سے روکنے کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کو اقدام کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حکام کو حیدر پورہ واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ ایک غیر جانبدارانہ اور منصفانہ نظام پر اپنا اعتماد برقرار رکھ سکیں۔ انہوں نے اُمید ظاہرکی کہ ان سوگوار کنبوںکو انصاف فراہم کیا جائے گا اور اس واقعے کے بارے میں بنیادی حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔اس دورانعوامی نیشنل کانفرنس کے وفد نے سینئرنائب صدرمظفراحمد شاہ کی قیادت میں حیدرپورہ تصادم آرائی میں جان بحق کئے گئے ڈاکٹر مدثر گل اور الطاف احمد بٹ کے گھر جاکر لواحقین کی تعزیت پرسی کی۔مظفرشاہ نے عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی طرف سے بھی جاں بحق کئے گئے دونوں شہریوںکے لواحقین کی ڈھارس بندھائی،کیوں کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے دوممبران یوسف تاریگامی اور حسنین مسعودی کومہلوکین کے گھر جانے کی ا جازت نہیں دی گئی۔ایک بیان کے مطابق اس موقعہ پر مظفر شاہ نے ان ہلاکتوں میں ملوثین کو قانون کے تحت سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اس معاملے کی عدالتی تحقیقات مکمل نہیں ہوتی، ان افسراں کو اپنی جگہوں سے ہٹایا جانا چاہے جو اس معاملے سے کسی بھی طورجڑے ہوئے ہیں۔ مظفر شاہ نے جان بحق شہریوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ از خود اس کی نگرانی کریں۔پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیرغلام نبی لون ہانجورہ نے بھی ایک وفدکے ساتھ حیدپورہ جھڑپ میں جاں بحق کئے گئے ڈاکٹر مدثرگل اور الطاف احمد بٹ کے گھر جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور یکجہتی کااظہار کیا۔وفدمیں سٹیٹ سیکریٹری عبدالحمیدکوہ شین،غلام محی الدین وچی،ضلع صدرسرینگرپرویزاحمد،کانسٹی چیونسی انچارج عیدگاہ ڈاکٹر علی محمد،یوتھ سیکریٹری وکانسٹی چیونسی انچارج حبہ کدل عارف لائیگروودیگر شامل تھے۔وفد نے لواحقین کی تعزیت پرسی کی اور کہا کہ اس واقعہ کی غیرجانبدارنہ تحقیقات کی جائے۔