حکیم باغ راولپورہ کی بند نالیوں سے عفونت خارج لوگوں کاجینامحال،نکاسی آب نظام درستگی کامتقاضی

عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر//حکیم باغ راولپورہ کے باشندوں نے علاقہ کی بندنالیو ں کوصاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سالہاسال سے علاقہ میں نکاسی آب کے نظام کی کسی نے صفائی نہیں کی جس کی وجہ سے علاقہ کی اکثرنکاسی آب کی نالیاں بندہوگئی ہیں اور ان میں پانی اب معمولی بارش کے بعد سڑکوں پربہہ نکلتاہے۔مقامی لوگوں کے مطابق نالیاں کوڑے کچرے کے جمع ہونے کی وجہ سے مکمل طوربندہوئی ہیں جس کی وجہ سے نکاسی آب کانظام علاقہ میں ناکارہ ہوچکاہے ۔انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد نالیو ں کاساراپانی سڑکوں پربہتا ہے اور لوگوں کے صحنوں میں داخل ہوتا ہے۔حکیم باغ مسجدانتظامیہ کمیٹی کے صدرامتیازاحمدگنائی نے کہا کہ ہمیں کافی ساری مشکلات کاسامنا ہے کیوں کہ بند نالیوں کی بدبواورعفونت پورے علاقے میں پھیلی ہوتی ہے اورمعمولی بارش کے بعدکوڑاکچراہمارے صحنوں میں واپس بہتا ہے۔ہمارے علاقہ کی کسی کوپروانہیں ہے ۔ایسالگتا ہے کہ نالیوں میں کافی ساراکوڑاکچراپہلے ہی جمع ہواہے۔ انہوں نے حکام سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو فوری طور دیکھ لیں اور علاقہ کے لوگوں کو اس پریشانی سے نجات دلائے۔ایک اورشہری سالم احمدنے شکایت کی کہ اس علاقہ کی طرف معقول توجہ نہیں دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی کالونیوں میں اگرچہ معقول خدمات دستیاب ہیںلیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ پرانے محلوں جیسے حکیم باغ راولپورہ کی طرف حکام دلچسپی نہیں دکھاتے۔انہوں نے متعلقہ حکام سے ان کی شکایات کاازالہ کرنے کی گزارش کی۔مقامی لوگوں نے مزیدعلاقہ میں کوڑاکچراجمع کرنے کی خدمات کو بھی باضابطہ بنانے کی درخواست کی۔اس دوران سرگرم سماجی کارکن ارشدڈجو نے معاملہ متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایاہے،جنہوں نے اس معاملے کو فوری طور دیکھنے کایقین دلایا ہے۔