عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ضلع سری نگر کے عہدیداروں اور سینئر لیڈروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں نچلی سطح پر پارٹی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ محبوبہ مفتی نے پارٹی لیڈروں سے کہا کہ وہ مسائل کے ازالے کے لیے عوام کے ساتھ قریبی ہم آہنگی پیدا کریں کیونکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں تمام محاذوں پر ناکام ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو روزمرہ کی زندگی میں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری محمد خورشید عالم نے میٹنگ کے دوران پارٹی لیڈروںکو آئندہ بلدیاتی انتخابات اور پنچایتی انتخابات کی بھرپور تیاری کرنے اور ہفتہ وار دفتر کی رپورٹ کرنے کو بھی کہا۔ آسیہ نقاش، خواتین ونگ کی صدر انجم فضلی، پارٹی ترجمان ایم اقبال ترمبو، میڈیا کوآرڈینیٹر بشیر بیگ، سوشل میڈیا کے سربراہ شیخ الاسلام شیخ، اور دیگر بھی موجود تھے۔