عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سپیکر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم اْٹھاتے ہوئے کل کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) کریمشور میں نئی قائم کردہ طبی سہولیات کا اِفتتاح کیا۔نئی اِفتتاحی سہولیات میں ایک مخصوص ہاٹ لائن سروس، الٹرا سونوگرافی (یو ایس جی) مشین اور جدید ڈینٹل چیئر شامل ہیںجن کا مقصد مقامی آبادی کو بہتر رَسائی، جدید تشخیصی سہولیات اور معیاری طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔اِس موقعہ پر سپیکر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نچلی سطح پر صحت سہولیات کو مضبوط بنانے کے لئے پْرعزم ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں طبی بنیادی ڈھانچے کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ بروقت تشخیص، بہتر علاج کی سہولیات اور بڑے ہسپتالوں پر انحصار کم کیا جا سکے۔محکمہ صحت کے افسران نے معززین کو اِدارے کی کارکردگی اور صحت خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لئے جاری اَقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔سپیکرنے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور مقامی عوام سے بھی ملاقات کی اور طبی عملے پر زور دیا کہ وہ ہمدردی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مریض دوست روئیے کے ساتھ اَپنی خدمات اَنجام دیتے رہیں۔