اونتی پورہ//پرنسپل سیکریٹری محکمہ سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی سربراہی میں ایک وفد نے ڈائریکٹر اسکل ڈیولپمنٹ جے اینڈ کے سدرشن کمار اور دیگر افسران کے ہمراہ جمعرات کو اسلامک یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر اے ایچ مون اور رجسٹرار آئی یو ایس ٹی پروفیسر نصیر اقبال نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی میں جاری اور پائپ لائن تعلیمی پروگراموں اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ڈاکٹر سامون نے پالی ٹیکنک کالج IUST اور مذکورہ کالج کے مختلف تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت ہنر مندی کی ترقی کے پروگرام کے تحت کمیونٹی کو ضرورت پر مبنی ، تکنیکی اور پیشہ ورانہ انسانی وسائل فراہم کرنے کے لیے مہارت پر مبنی معیاری تعلیم دینے کے لیے پرعزم ہے۔ڈاکٹرسامون نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور یونیورسٹی کے مرکز کا دورہ کیا اور اساتذہ اور طلباء کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے مختلف مضامین میں یونیورسٹی کی طرف سے تیار کردہ جدید ترین سہولیات کو سراہا۔