عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے تعلیم ، صحت اور سماجی بہبود سکینہ ایتو نے کل کلگام کا دورہ کیا اور یاریپورہ میں منعقدہ عوامی دربارمیں مقامی رہائشیوں کی شکایات اور ترقیاتی مسائل سْنے۔ مختلف علاقوں کے لوگوں نے شہری سہولیات ، انفراسٹرکچر ، صحت ، تعلیم اور دیگر عوامی فلاح و بہبود کے معاملات سے متعلق مسائل اٹھائے۔ وزیر نے وفود کی باتوں کو غور سے سْنا اور یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ ہم آہنگی سے مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔
ایم ایل اے دیو سر پیرزادہ فیروز احمد شاہ نے کہا کہ حکومت عوام کی بہبود کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے علاقے کی ترقیاتی ضروریات پر روشنی ڈالی۔بعد ازاں وزیر موصوفہ نے شاہو کا دورہ کیا اور محرم الحرام کی تقریبات کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے صفائی ، پینے کے پانی ، بجلی ، صحت کی سہولیات ، ٹریفک منیجمنٹ اور دیگر ضروری خدمات سے متعلق تیاریوں کا معائینہ کیا تا کہ مذہبی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔افسران سے بات چیت کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی ہم آہنگی سے کام کریں اور تمام ضروری انتظامات مقررہ وقت سے پہلے مکمل کریں۔