سرینگر //مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کہا ہے کہ حکومت سرینگر شہر کے لئے جامع ماسٹر پلان ترتیب دینے کی وعد ہ بند ہے ۔سرینگر ماسٹر پلان ( 2015-35ء) پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے انسٹیچویشن آف انجینئرس کی جانب سے منعقد ایک تقریب پر بولتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ اس پلان میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لئے اس پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ سرینگر شہر کے ماسٹر پلان میں تمام ضروریات کا خیال رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ زمین کے مناسب استعمال کے لئے ماہرین نے پہلے ہی منصوبہ ترتیب دیا ہے ۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ ماسٹر پلان آبادی میں اضافہ ،شہریانہ ، ٹرانسپورٹ ، ہیرٹیج ، سیاحت اور جھیلوں کو تحفظ فراہم کرنے جیسی ضروریات کو مد نظر رکھ کر مرتب کیا گیا ہے۔تقریب کے دوران آسیہ نقاش کو ماسٹر پلان کی خصوصیات کے بارے میں بتایا گیا ۔شرکاء کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے انہوں نے ان سے تلقین کی کہ وہ اپنی آرأ اور تجاویز سامنے رکھیں تاکہ ان کو ماسٹر پلان کے مسودے میں شامل کیا جاسکے۔چیف انفارمیشن کمشنر خورشید گنائی نے ماہرین پر زور دیا کہ وہ پائیدار اثاثوں کی تعمیر کے لئے رقومات کا منصفانہ استعمال کریں ۔میٹنگ میں چیف ٹاون پلانر فیاض احمد خان ، کنوینئر اِنٹیک ( کشمیرچپٹر) محمد سلیم بیگ کے علاوہ کئی انجینئر صاحبان اور سائنسی ماہرین نے شرکت کی۔