نئی دہلی// کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزی روٹی نہ ملنے سے لاکھوں تارکین وطن کارکنوں کے بھوکے پیٹ اور ننگے پاؤں سینکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھر جانے کا منظر ملک نے دیکھا ہے اور یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اس لئے حکومت کو ہر حال میں خزانے کا تالا کھول کر غریبوں کو راحت دینی چاہئے ۔محترمہ سونیا گاندھی نے جمعرات کو یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کے تمام ساتھیوں کے ساتھ ہی ماہرین اقتصادیات، ماہرین سماجیات اور معاشرے کے معروف لوگوں نے بار بار حکومت سے ان متاثرین کو راحت دینے اور ان کے زخموں پر مرہم لگانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے مزدور، کسان، صنعت کار اور چھوٹے دکاندار سب متاثر ہیں اور ان کی مدد کی جانی چاہئے لیکن مرکزی حکومت نے یہ بات سمجھنے اور اس پر توجہ دینے سے انکار کیا ہے اور ان کے زخموں کو اور گہرا کردیاہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے جب یہ مشورہ کو نہیں مانا تو کانگریس نے اس طبقے کی آواز بلند کرنے اور حکومت پر دباؤ بنانے کے لئے سوشل میڈیا پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔