عظمیٰ نیوز سروس
بھدرواہ //کمشنر سیکرٹری دیہی ترقیات محکمہ اور پنچائت راج مندیپ کور نے بھدرواہ کے ڈردھو میں ایک بیداری کیمپ کا انعقاد کیا ۔ کیمپ کا مقصد مقامی باشندوں کو دیہی ترقی اور پنچائت راج سے متعلق مختلف سرکاری اسکیموں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنا تھا ۔ مندیپ کور نے بھدرواہ میں محکمہ کی طرف سے بنائے جا رہے سوچھ بھارت مشن ( ایس بی ایم ) اثاثوں کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوں نے خطے میں ایس بی ایم کے نفاذ پر پیش رفت کا جائیزہ لیا اور مقامی حکام اور رہائشیوں کے ساتھ ان کے تجربات اور چیلنجز کو سمجھنے کیلئے بات چیت کی ۔ مندیپ کور نے کسی بھی علاقے کے ترقیاتی پروفائل کو بڑھانے میں اس طرح کے دوروں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر توجہ شدہ حصوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تیز رفتار دیہی ترقی کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مقامی کمیونٹیز کی فعال شرکت کو انتہائی اہمیت کے طور پر بیان کیا ۔ کمشنر سیکرٹری کے ساتھ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ، اے ڈی ڈی سی ، اے سی ڈی ، اے سی پی ، بی ڈی اوز کے علاوہ علاقے کے سرپنچ اور پنچ بھی موجود تھے ۔