حضرت شاہ اسرارالدینؒ کا سالانہ عرس بدھ کو منایا جائیگا

 کشتواڑ// عاصف بٹ//ہر سال کی طرح امسال بھی شاہ اسراالدین ولی کا عرس 10 نومبر کو منایا جارہا ہے جس کیلئے تقریبات کا سلسہ شروع ہوچکا ہے۔سجادہ نشین دربار اسراریہ سعید اعجاز نے بتایا کہ نعت خوانی ، منقبت خوانی، ختمات کا سلسلہ 31 اکتوبر سے شروع کیا جاچکا ہے جبکہ لوگوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ ان تقریبات میں کرونا کے احتیاتی تدابیر پر عمل پیرا کرتے ہوئے حصہ لیں اور سماجی دوری کا خاص خیال رکھے۔ادھر ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما نے 10 نومبر منعقد  ہونے والے شاہ اسرار الدین رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تمام متعلقہ افسران کی میٹنگ طلب کی جس دوران عرس کے موقعہ پر رہائش، بلاتعطل بجلی کی فراہمی، پانی ، آگ کی لکڑی، راشن، ایل پی جی، صفائی ستھرائی، سیکورٹی، طبی دیکھ بھال، نقل و حمل، فائر ٹینڈر، اور مجموعی طور پر ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا اور انھیں ہدایات دیں۔ایگزیکٹیوانجینئرمحکمہ جل شکتی ڈویژن کشتواڑ کو ہدایت کی کہ وہ 8 نومبر سے 11 نومبر تک آستان بالا، آستان پائین اور دیگر مقامات پر عقیدت مندوںو زائرین کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس کے علاوہ پانی کے ٹینکر بھی دستیاب کرائے جائیں۔ سی ای او کے ڈی اے کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ قصبہ اور مزارات کے ملحقہ علاقوں اور چوگان گراؤنڈ میں غیرفعال اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور تبدیلی کو یقینی بنائیں تاکہ عقیدت مندوں کی بغیر کسی پریشانی کے نقل و حرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔ دونوں مزارات اور مزارات کی طرف جانے والی سڑکوں پر چونے کی لائننگ لگائی جائے جبکہ اے آر ٹی او، ڈی ٹی آئی، ایس ایچ او اور منیجر بس اسٹینڈ کو ایک مناسب ٹرانسپورٹ پلان واضح کرنے کی ہدایت دی گئی۔عقیدتمندوںکی آسانی سے آنے اور جانے کے لیے اضافی بسوں کا انتظام کیا جائے۔ایگزیکٹیوانجینئرجے پی ڈی سی ایل کشتواڑ کو ہدایت دی گئی کہ وہ مزارات اور قیام کی جگہوں پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔انھوں نے سی ایم او اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ کو ابتدائی طبی امدادی کیمپ لگانے اور دونوں مزاروں پر بنیادی طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہدایت دی کہ دونوں جگہوں پر فیس ماسک اور سینیٹائزر دستیاب کرائیں۔ اجلاس میں مختلف دیگر انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں عارضی بیت الخلاء، مسافر گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت اور کنٹرول روم کا قیام شامل ہے۔  میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اے سی آر کشتواڑ فیصلوں اور ہدایات کے نفاذ کے لیے نوڈل افسر ہوں گے۔