جاوید اقبال
مینڈھر// سرحدی ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار سے بھارتی حدود میں داخل ہونے والے مشتبہ پاکستانی ڈرون پر فوج نے بدھ کی صبح فائرنگ کی۔حکام کے مطابق یہ ڈرون مختصر وقت کے لئے سرحدی باڑ کے قریب مینڈھر سیکٹر میں منڈلاتا رہا اور پھر پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر (پی او کے) واپس چلا گیا۔فوجی اہلکاروں نے بتایا کہ ڈرون کی حرکت رات ایک بجے کے قریب محسوس کی گئی، جس پر تقریباً ایک درجن گولیاں چلائی گئیں۔بدھ کی صبح جیسے ہی روشنی ہوئی، ممکنہ طور پر ڈرون کے ذریعے ہتھیار یا منشیات گرائے جانے کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔آخری اطلاعات آنے تک سرچ آپریشن جاری تھا۔حکام نے کہا کہ علاقے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو روکا جا سکے۔