راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری ایک ایسے منصوبے پر کام کررہی ہے جس کے تحت حد متارکہ کے قریب واقع تمام سکولوں ، ہسپتالوں ،پنچایت گھروںاوردیگر عوامی مقامات کو تحفظ دینے کیلئے بینکروں کی تعمیر کی جائے گی ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ ان مقامات کو تحفظ فراہم کرنا اہم ترجیح ہے ۔ذرائع نے کہاکہ بینکروں کی تعمیر کا اعلان ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ نے ایسی جگہوں کی نشاندہی کرنے کا سلسلہ شروع کیاجہاں یہ انفرادی اور کمیونٹی بینکر تعمیر کئے جانے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ چونکہ کئی ادارے اور عمارتیں پاکستانی فوج کی براہ راست فائرنگ میں آتی ہیں اس لئے ان کو تحفظ دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ سکولوں ، ہسپتالوں ، پنچایت گھروں اور دیگر عوامی مقامات کے قریب 374بینکر تعمیر کئے جانے کا منصوبہ ہے اور ہر ایک بینکر میں ایک وقت میں چالیس افراد پناہ لے سکیںگے ۔ذرائع کاکہناہے کہ سکولوں اور طبی اداروں سمیت تمام عوامی مقامات کے قریب کمیونٹی بینکروں کی تعمیر زیر غور ہے ۔رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے بتایاکہ انتظامیہ ایک ایسی منصوبے پر غور کررہی ہے جس کے تحت سکولوں اور ہسپتالوں و دیگر عوامی مقامات کے قریب کمیونٹی بینکر تعمیر کئے جائیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ ان بینکروں کی تعمیر کاکام حکومت کی ہدایت کے بعد شروع کیاجائے گا۔