یو این آئی
نئی دہلی//دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 18 اپریل 2026 سے حج پروازیں شروع ہو جائیں گی۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی یہاں سے روانہ ہونے والے عازمین حج کی سہولیات و انتظامات کے لیے سرگرم ہو گئی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے سے نہ صرف دہلی کے عازمین بلکہ ملک کی مختلف ریاستوں کے عازمین بھی سفر حج کے لیے روانہ ہوتے ہیں۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے دہلی کے مختلف متعلقہ محکموں بشمول دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی)، دہلی پولیس، دہلی شیلٹر امپروومنٹ بورڈ، دہلی جل بورڈ، اور سول ڈیفنس کے عہدیداروں کے ساتھ حج انتظامات کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کے متعلقہ عملے نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ قبل ازیں کوثر جہاں نے رام لیلا میدان میں عازمین حج کے لیے لگائے جانے والے حج کیمپ کی جگہ کا معائنہ کیا۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی کے مطابق 2026 میں دہلی سے کل 3,226 عازمین حج مقدس حج کے لیے روانہ ہوں گے، جب کہ شمالی بھارت کے کل 22,000 عازمین دہلی حج ایمبرکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے۔ دہلی سے روانہ ہونے والے تمام عازمین کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ عازمین حج کے لیے رام لیلا میدان کے ٹرانزٹ کیمپ سے ہوائی اڈے تک اے سی بسوں کا انتظام کیا جائے گا۔ عمر رسیدہ عازمین حج کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔