سرینگر//سرینگر آنے والی حج پروازوں کا دن کے وقت ہی سرینگر میں اترنے کو یقینی بنانے کیلئے ائیر انڈیا نے پروازوں کے شیڈول کو از سر نو مرتب کیا ہے ۔ یہ قدم وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی مداخلت کے بعد اٹھایا گیا جنہوں نے سرینگر کیلئے پہلی حج پرواز کے اترنے میں تعطل کا سنگین نوٹس لیا تھا ، جس کے سبب اُس پرواز کے حاجیوں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا ۔ وزیر اعلیٰ نے 7 ستمبر کو چیف سیکرٹری کو معاملہ مرکزی شہری ہوا بازی حکام کے ساتھ اٹھانے کیلئے کہا تا کہ اس قسم کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے ۔ ائیر انڈیا کے نئے شیڈول کے مطابق سعودی عرب سے سرینگر آنے والی پروازوں کے اوقات آج سے بدل دئیے گئے ہیں اور اب یہ پروازیں بعد دوپہر 1 بجکر 55 منٹ اور 3 بجکر 15 منٹ روزانہ سرینگر ہوائی اڈے پر اتریں گی تا ہم ستمبر 13 اور 14 کو یہ پروازیں صبح کے دس بجے سرینگر ہوائی اڈے پر اتریں گی ۔ وزیر اعلیٰ نے ریاستی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ حجاج کو وطن واپس لانے والی پروازوں کو ہوائی اڈے پر اترنے کیلئے کسی بھی صورت میں انتظار نہیں کروایا جانا چاہیے تا کہ حجاج کو کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے ۔ تازہ شیڈول کے تحت ائیر انڈیا کی پروازیںبراستہ دلی آنے کے بجائے براہ راست سرینگر ہوائی اڈے پر دوپہر کے اولین اوقات میں اُتریں گی ۔ دریں اثنا دلی میں جموں کشمیر کے ریذیڈنٹ کمشنر نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر ایس پی سی آئی ڈی سیل نئی دلی اور پروٹوکول افسران پر مشتمل ٹیم سعودی عرب سے روزانہ سرینگر آنے والی حج پروازوں کی نگرانی کیلئے قائم کی ہے تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے معقول انتظامات کئے جا سکیں ۔ دریں اثنا حجاج کو لانے والی دو پروازیں آج یہاں دوپہر کے اولین اوقات میں نئے شیڈول کے مطابق اتریں ۔