عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ ایتو نے ضلع پلوامہ میںایک عوامی دربار کی صدارت کی اور لوگوں کے مسائل، شکایات اور مطالبات سنے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے بروقت حل کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔ سرکٹ ہائوس پلوامہ میں منعقدہ عوامی دربار کے دوران وزیر موصوفہ نے ضلع پلوامہ اور شوپیان کے مختلف وفود سے ملاقات کی۔ وفود نے عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات اور دیگر اہم امور سے متعلق اپنے مطالبات اور شکایات پیش کیں۔ سکینہ ایتو نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کرتے ہوئے مسائل کے فوری اور موثر ازالے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے احمد آباد ہوائی اڈے پر جموں و کشمیر کے عازمین حج کو درپیش مشکلات کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور حجاج کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ حجاج اپنا مقدس سفر بلا کسی پریشانی اور دشواری کے مکمل کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عازمین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کے سفر کو ہر لحاظ سے آسان اور آرام دہ بنایا جا سکے۔