کپوارہ//کپوارہ ضلع میں حالیہ بارشوں سے12ٹرانسفارمرخراب ہوگئے ہیں ۔ دیدی کوٹ علاقے کے کمپارٹمنٹ نمبر 75میں سینکڑوں درخت یا تو اکھڑ گئے ہیں یا پھر ٹوٹ کر زمین پر گر پڑے ہیں۔ادھر یارو لنگیٹ سے اطلاع ہے کہ جمعہ کی شام دیر گئے زبردست بارشو ں ،برف باری اور تیز ہوائو ں کی وجہ سے سفیدے محمد سمندر بٹ اور غلام احمد میر کے رہائشی مکانو ں پر گر پڑے جس کی وجہ سے ان مکانو ں کو شدید نقصان پہنچا جو اب ناقابل استعمال ہیں ۔ ہندوارہ کے اکثر وبیشتر علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کررہ گیا ہے ۔لوگو ں کے مطابق ان علاقوں میں بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے ہیں جبکہ ترسیلی لائنیں بھی زمین پر بکھر گئی ہیں ۔محکمہ بجلی نے تین روز کے بعد اگرچہ قصبہ ہندوارہ میں بجلی سپلائی بحال کی تاہم بیشتر علاقے 4روز سے گھپ اندھیرے میں ہیں ۔