جیٹلی سیٹوں پر تقسیم کے مسئلے کو سلجھائیں گے

نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)نے بہار میں لوک سبھا سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں لوک جن شکتی پارٹی(ایل جے پی) کے لیڈر رام ولاس پاسوان اور ایل جے پی کے پارلیمانی بورڈ کے صدر چراغ پاسوان اور جنتا دل (یونائیٹیڈ)کے سربراہ اور بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کے ساتھ جاری تعطل کو دور کرنے کا ذمہ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو سونپا ہے ۔مسٹر جیٹلی پارٹی کے بہار معاملوں کے انچارج ہیں اور مسٹر کمار کے ساتھ ان کے بہتر تال میل بھی ہیں۔موصول اطلاع کے مطابق مسٹر کمار جمعہ کو دہلی پہنچیں گے اور سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے بی جے پی اور ایل جے پی کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں۔بی جے پی اور جے ڈی یو حالانکہ پہلے زور دے چکی ہیں کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بہار میں برابر سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی۔اس سے پہلے جمعرات کو بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بھوپیندر یادو نے مسٹر چراغ کے ساتھ میٹنگ کی۔ذرائع کے مطابق مسٹر چراغ نے بہار سے اپنی پارٹی کے لئے سات سیٹوں کا مطالبہ کیا اور اپنے والد مسٹر رام ولاس پاسوان کے لئے راجیہ سبھا کی ایک سیٹ کے لئے بھی بالواسطہ طور پر منشا بھی ظاہر کی ۔حال میں قومی جمہوری اتحادی حکومت(این ڈی اے ) میں خوراک کے مرکزی وزیرکا کام کاج سنبھالنے والے مسٹر پاسوان اتحاد کی سیاست کی نبض کو بخوبی پہچاننے والے لیڈر کے طورپر جانے جاتے ہیں اور 1996سے اب تک سبھی وزرائے اعظم کے کابینہ میں اپنی جگہ بناتے آئے ہیں۔بی جے پی کے ایک دھڑے کا ماننا ہے کہ مرکزی قیادت کو مسٹر رام ولاس پاسوان کی حکمت عملی کے دباؤ میں نہیں آنا چاہئے ۔