جہازوں و شاعروںسے عوام کوبہلایانہیں جا سکتا ، زمینی سطح پر عوامی مسائل دیکھیں دوردراز علاقے آج بھی کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ، پی ڈی پی امیدوارامتیاز شان کا خطاب

oplus_1024

زاہد بشیر

گول//بانہال حلقہ انتخاب کے گول علاقے میںپی ڈی پی کی جانب سے ایک عوامی جلسہ کا انعقاد ہوا ہے ۔ یہ جلسہ پہلے سب ضلع ہسپتال گول سے نائیک درمن تک ایک بہت بڑی ریلی کی شکل میں مین بازار سے ہوتے ہوئی گزرا اور نائیک درمن میں ایک جلسہ کی شکل اختیار کی جہاں پر سب ڈویژن گول کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی بانہال حلقہ کے امیدوار حاجی امتیاز احمد شان نے کہا کہ جو یہاں جلسہ میں ہزاروں لوگ آئے ہوئے ہیں یہ ستائے ہوئے اور غریب لوگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال اسمبلی حلقہ کے دور دراز علاقوں کے لوگ ایک بجلی کے ٹرانسفارمر کے لئے ترستے ہیں ، سڑکوں کے لئے ترستے ہیں ۔ بیروزگاری آسمان چھو رہی ہے ان کے روزگار کے لئے کوئی آگے نہیں آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے الیکشنوں میں جن نمائندوں نے ان کو سبز باغ دکھائے ہیں وہ وعدے ابھی بھی سراب ثابت ہوئے ہیں اور آج یہ غریب عوام در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں یہاں آنا لوگوں کا فیصلہ ہے کہ وہ ان لیڈران سے تنگ آکر تبدیلی چاہتے ہیں۔ امتیاز شان نے کہا کہ یہاں سب کچھ سیاسی لیڈران جہازوں کو دور دراز علاقوں میں لوگوں کو اپنی جانب لبھانے کے لئے لاتے ہیں ، ملک کے الگ الگ حصوں سے بڑے بڑے شاعروں کو لاتے ہیں لیکن ان لوگوں کو جہاز ، شاعر نہیں بلکہ روزگار چاہئے ، انہیں مسائل کا حل چاہئے اور اب لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں ۔ اس موقعہ پر بشیر احمد رونیال نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ماضی میں گول کی عوام نے بانہال کا ساتھ دیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ظالموں کے ساتھ لڑنے کے لئے بانہال کی عوام گول کی عوام کے شانہ بشانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کی غریب عوام کے ساتھ سخت ظلم ہوا ہے اور وہ اب ان ظالموں سے تنگ آ چکے ہیں وہ تبدیلی چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ٹرانسفارمر کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں ہمیں سڑکوں کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں ، رشوت کا بول بالا ہے جس کے خلاف لڑنے کے لئے ہمیں زمینی سطح پر جڑے ہوئے نمائندہ حاجی امتیاز کو چنا ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ حاجی امتیاز احمد شان بانہال کے دور دراز علاقوں کے پسماندہ عوام کے ساتھ انصاف کرے گا ۔