’جگر کی ابتدائی بیماریاں اور شعبہ سرجری کا رول‘ جی ایم سی سرینگر میںپہلے سرجیکل ایجوکیشن پروگرام کا انعقاد

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ جنرل اور منیمل ایکسس سرجری نے ڈاکٹروںمیں طبی جانکاری اور جراحیوں کے ہنر میں مزید بہتری کرنے کیلئے اپنی نویت کے پہلے سرجیکل ایجوکیشن پروگرام ’’ جگر کی ابتدائی بیماریاں اور شعبہ سرجری کا رول‘‘ کے موضوع پر منعقد کیا ۔ پروگرام کو گذشتہ دنوں ٹریفک حادثے میں فوت ہوئے ڈاکٹر دیپک شرما کے نام وقف کیا گیا جن کی موت کی وجہ سے طبی برادری کو صدمہ پہنچا ہے۔ پروگرام میں لیپرسکوپکس اور دیگر جراحیوں کے ذرائع کے بارے میں نوجوان سرجنوں کو تفصیلی جانکاری دی گئی ۔ اس موقع پر پرنسپل جی ایم سی سرینگر ڈاکٹر تنویر معسود نے ان پروگرام کی افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور شعبہ سرجری کی حصولیابیوں پر تفصیلی بات چیت کی۔ پروگرام میں سکمز کے سابق ڈائریکٹروں ڈاکٹر شوکت احمد زرگر ، ڈاکٹر عمر جاوید شاہ نے بھی شعبہ جراحیوں میں نئے ایجادات کے استعمال پر زور دیا اورسرجنوں کی لگن اور محنت کی بھی تعریف کی۔ جی ایم سی سرینگر کے سابق پرنسپل ڈاکٹر شوکت احمد جیلانی اور پروفیسر اعجاز احمد راتھر نے جی ایم سی سرینگر میں کی گئی مختلف ایجادات کی بھی جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ جراحی کے میدان میں کافی آگے جارہا ہے۔ اس موقع پر پروفیسر مشتاق احمد چالکو نے پروگرام کے مقاصد کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی جبکہ پروفیسر اقبال سلیم میر نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ پروگرام میں پروفیسر عبدالرشید گنائی، ڈاکٹر روفت آرا ، ڈاکٹر عاصف معراج اور ڈاکٹر عرفان نذیر پروگرام میں شامل ہوئے جبکہ ڈاکٹر حنیف احمد ڈار نے بھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔